عمران خان کو بشریٰ بی بی کی بیماری پر تشویش، وکیل کو عدالت سے ریلیف لینے کی ہدایت

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اہلیہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی بیماری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مقدمات میں عدالتوں سے قانونی ریلیف حاصل کرنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے پیر کے روز اڈیالہ جیل میں اپنے وکیل سے ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور وفاقی حکومت کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ سمیت حالیہ سیاسی صورتحال سے آگاہی ظاہر کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طویل وقفے کے بعد ہونے والی یہ ملاقات پیشہ ورانہ اور قانونی امور تک محدود رہی۔ ملاقات میں سیاسی معاملات پر گفتگو نہ کرنے کے باہمی اتفاق پر عمل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان جیل سے باہر ہونے والی آئینی اور سیاسی پیش رفت سے پہلے ہی باخبر تھے، تاہم ملاقات کے دوران ان کے وکیل نے انہیں ان معاملات پر کوئی بریفنگ نہیں دی۔

ملاقات میں عمران خان کی صحت سے متعلق بھی گفتگو ہوئی، جسے ذرائع نے تسلی بخش قرار دیا۔ تاہم بشریٰ بی بی کو آنکھوں کا مسئلہ درپیش ہے، جس پر عمران خان نے تشویش کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے ہدایت کی کہ بشریٰ بی بی کے مقدمات میں ریلیف کے حصول کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا جائے اور متعلقہ عدالتوں سے رجوع کیا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ اس معاملے کو مناسب عدالتی فورمز پر اٹھا کر قانون کے مطابق ریلیف حاصل کرنے کی کوشش کی جائے۔

واضح رہے کہ یہ ملاقات خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق پیدا ہونے والی سیاسی کشیدگی کے دوران ہوئی۔ ان پیش رفتوں کے بعد صوبے میں پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی اور مستقبل کے حوالے سے بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں