امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کا ذمہ دار ایران جنگ کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی نتائج سے واضح ہے کہ امریکی عوام جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
جے ڈی وینس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک طویل بیان میں کہا کہ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی بنیادی وجہ جنگ تھی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی گزشتہ رات اس حقیقت کا اعتراف کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ پارٹی کو انتخابی شکست کیوں ہوئی، لہٰذا مستقبل کی حکمت عملی پر کوئی بھی سنجیدہ اور دیانتدارانہ گفتگو اسی حقیقت کو تسلیم کرنے سے شروع ہونی چاہیے۔
امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریپبلکن ووٹرز نے مڈٹرم انتخابات میں حصہ تو لیا، تاہم ان کی بڑی تعداد نے اپنی ہی جماعت کے امیدواروں کو ووٹ نہیں دیا۔
جے ڈی وینس نے انتخابی ناکامی کی ایک اور وجہ ریپبلکن پارٹی کے معاشی بیانیے کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام تک معاشی پالیسیوں کا پیغام مؤثر اور واضح انداز میں نہیں پہنچایا جاسکا۔
انہوں نے حالیہ پولنگ ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2024 میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دینے والے شہری اب بنیادی طور پر چار مطالبات کررہے ہیں، جن میں ایران جنگ کا خاتمہ، مہنگائی پر قابو پانا، امریکا فرسٹ پالیسی پر عمل درآمد اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات میں تبدیلی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال کے اوائل میں ایران پر امریکی حملوں سے قبل جے ڈی وینس نے جنگ میں براہ راست ملوث ہونے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ انہیں خدشہ تھا کہ امریکا ایک ایسے طویل تنازع میں پھنس سکتا ہے جس سے نکلنا آسان نہیں ہوگا۔
امریکی سیاسی حلقوں میں جے ڈی وینس کو 2028 کے صدارتی انتخابات کے لیے ممکنہ مضبوط امیدواروں میں شمار کیا جاتا ہے اور اگر وہ انتخاب لڑنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ریپبلکن پارٹی کی صدارتی نامزدگی کے اہم امیدوار ہوسکتے ہیں۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




