امریکی صحافی ٹکر کارلسن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دباؤ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے پر غور کرسکتے ہیں۔
ٹکر کارلسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو آئندہ انتخابات کے نتائج کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے اور ان سے بچنے کے لیے انہیں ایک بار پھر ٹرمپ اور جنگ کی ضرورت ہے۔
امریکی صحافی کے مطابق نیتن یاہو ایران پر حملے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ میں اپنے قریبی ساتھیوں پر ہر ممکن دباؤ ڈال رہے ہیں۔
ٹکر کارلسن کا کہنا تھا کہ ایران کے پہاڑوں کے اندر قائم زیرِ زمین سرنگوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے امریکا کے روایتی ہتھیار مؤثر ثابت نہیں ہوسکتے، جس کے باعث جوہری حملے کا آپشن بھی زیرِ غور آسکتا ہے۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ نیتن یاہو کے دباؤ کے نتیجے میں ٹرمپ انتظامیہ ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا فیصلہ کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ امریکا نے ایران کے جوہری پروگرام کو تباہ کردیا ہے، تاہم پِک ایکس ماؤنٹین سمیت ایک یا دو مقامات اب بھی باقی ہیں، جن سے نمٹنے میں صرف 10 منٹ لگیں گے۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




