’یہ میرے لیے تاریک دہائی ہے‘، بھانجے کی موت پر گلوکار ہنی سنگھ غمزدہ

بھارتی گلوکار یو یو ہنی سنگھ نے ٹریفک حادثے میں اپنے بھانجے کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کی زندگی کی ایک تاریک دہائی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست پنجاب کے شہر جالندھر میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں ہنی سنگھ کے بھانجے سمیت دو نوجوان ہلاک ہوگئے تھے۔

حادثے میں جان کی بازی ہارنے والے نوجوانوں کی شناخت ودت اولاک اور آروو تلوار کے نام سے ہوئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ودت اولاک معروف گلوکار ہنی سنگھ کے بھانجے اور پنجابی میوزک کمپنی اسپیڈ ریکارڈز کے مالک دنیش کے بیٹے تھے، جبکہ دوسرے نوجوان آروو تلوار معروف مٹھائی کی دکان کے مالک کے صاحبزادے تھے۔

اپنے بھانجے کی موت پر ردعمل دیتے ہوئے ہنی سنگھ نے کہا کہ ’یہ میرے لیے ایک تاریک دہائی ہے، اپنے بھانجے کو کھونا انتہائی تکلیف دہ ہے۔‘

گلوکار کے اس بیان کے بعد ان کے مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں