کراچی کے علاقے سائٹ احسن آباد میں فلیٹ سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی کئی روز پرانی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق سائٹ احسن آباد میں عمارت کی ساتویں منزل پر واقع فلیٹ کے ایک کمرے سے میاں بیوی اور ان کے 3 بچوں کی لاشیں ملی ہیں۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق فلیٹ کا دروازہ اندر سے بند تھا، جبکہ جاں بحق ہونے والا شخص ڈاکٹر اور گھر کا کفیل تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پانچوں لاشیں کئی روز پرانی ہیں، جنہیں قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آسکے گی، جبکہ لاشوں کی شناخت اور واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا ہے کہ ممکنہ طور پر پانچوں افراد نے خودکشی کی، تاہم حتمی وجہ تحقیقات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ ابتدائی پولیس کارروائی اور تحقیقات سے فوری آگاہ کیا جائے، جبکہ ایس ایس پی ایسٹ اپنی نگرانی میں واقعے کی تفتیش مؤثر اور مربوط انداز میں مکمل کریں تاکہ حتمی نتائج سامنے آسکیں۔




