شہر کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں گھر کے اندر ماں اور 3 بچوں کو مبینہ طور پر ڈنڈے یا کسی آلے کے وار سے قتل کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق خاتون اور 2 بچوں کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئیں، جبکہ 18 ماہ کی زخمی بچی اشمیرہ کو تشویشناک حالت میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ منتقل کیا گیا، تاہم وہ بھی دورانِ علاج دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں میں 6 سالہ حرا اور 5 سالہ حنین شامل ہیں۔
پولیس نے مقتولہ مہوش کے شوہر دانش کو حراست میں لے لیا ہے۔
ایس ایچ او سرجانی کے مطابق گھر سے تاحال آلہ قتل برآمد نہیں ہوا۔ شوہر دانش نے پولیس کو بتایا کہ اس نے گھر فون کیا لیکن کسی نے کال موصول نہیں کی، جس کے بعد وہ چابی سے گیٹ کھول کر اندر داخل ہوا تو گھر میں لاشیں موجود تھیں۔
ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں۔
مقتولہ مہوش کے بھائی امجد نے کہا کہ ان کی کسی سے دشمنی نہیں، بہنوئی اچھا انسان ہے اور میاں بیوی کے درمیان کبھی جھگڑا نہیں ہوا، ہمیں انصاف چاہیے۔
مقتولہ کی ساس نے بھی کہا کہ ان کا بیٹا اپنے خاندان سے بہت محبت کرتا ہے جبکہ بہو بھی کسی سے لڑائی جھگڑا نہیں کرتی تھی۔
مقتولہ کی بھابھی کا کہنا تھا کہ میاں بیوی کے درمیان لڑائی جھگڑا نہیں تھا، بظاہر کسی نے گھر میں گھس کر مہوش اور بچوں کو قتل کیا، جبکہ دانش نے ہی گھر پہنچ کر پولیس کو اطلاع دی۔




