بالی وڈ اداکارہ امیشا پٹیل نے ہاردک پانڈیا کے ساتھ ڈیٹنگ افواہوں پر خاموشی توڑ دی

بالی وڈ اداکارہ امیشا پٹیل نے بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا کے ساتھ مبینہ تعلقات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں پر صارف کو کرارا جواب دے دیا۔

امیشا پٹیل اور ہاردک پانڈیا کو حال ہی میں ممبئی کے تاج محل پیلس میں ایک نجی تقریب کے دوران ایک ساتھ دیکھا گیا، جہاں اداکارہ کرکٹر کو اپنے چند دوستوں سے متعارف کرواتی نظر آئیں۔

دونوں کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد ان کے درمیان مبینہ رومانوی تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔

ایک صارف نے ویڈیو دوبارہ شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امیشا پٹیل کا ہاردک پانڈیا کے کندھے پر ہاتھ رکھنا دونوں کے درمیان مبینہ رومانوی تعلق کی نشاندہی کرتا ہے اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہیں درست ثابت ہورہی ہیں۔

امیشا پٹیل نے صارف کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں جواب دیا۔

اداکارہ نے لکھا کہ ہاں، یہ واقعی بہت ’رومانوی‘ انداز تھا کہ انہوں نے اپنا ہاتھ ہاردک پانڈیا پر رکھا ہوا تھا۔

امیشا پٹیل نے مزید کہا کہ وہ مذکورہ صارف کو جانتی تک نہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شاید اس کی کوئی لڑکی دوست بھی نہیں، اسی لیے وہ دوستوں کے درمیان ہونے والی ایک عام ملاقات کو بھی رومانوی رنگ دے رہا ہے۔

ہاردک پانڈیا کی ذاتی زندگی

بھارتی میڈیا کے مطابق ہاردک پانڈیا کے ماڈل ماہیکا شرما کے ساتھ مبینہ رومانوی تعلقات ہیں۔ ہاردک پانڈیا نے 2025 میں سوشل میڈیا پر ماہیکا شرما کے ساتھ اپنے تعلق کو باضابطہ طور پر ظاہر کیا تھا۔

اس سے قبل ہاردک پانڈیا نے اداکارہ نتاشا اسٹینکووچ سے شادی کی تھی، تاہم دونوں کی شادی طلاق پر ختم ہوگئی۔ سابق جوڑی کا ایک بیٹا بھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں