ہنگری میں تیز ترین قبر کھودنے کا منفرد مقابلہ

ہنگری میں سب سے کم وقت میں قبر کھودنے کا منفرد مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں 38 افراد نے حصہ لیا۔

یہ کوئی مذاق نہیں بلکہ ایک باقاعدہ اور سنجیدہ مقابلہ ہے جس کا مقصد قبرستانوں کی دیکھ بھال سے وابستہ افراد کو اپنی مہارتیں دکھانے کا موقع فراہم کرنا اور موت سے متعلق توہمات کی روک تھام کرنا ہے۔

یورپی ملک ہنگری کے علاقے Nyergesújfalu کے ایک قبرستان میں منعقدہ اس منفرد مقابلے میں شرکا ہاتھوں میں کدالیں لیے ایک دوسرے کے مدمقابل آئے۔

ہنگری کے قبرستانوں کی دیکھ بھال سے متعلق ایسوسی ایشن اور مقابلے کے منتظمین کے مطابق مقابلے کا مقصد قبرستانوں سے متعلق پیشہ ورانہ مہارتوں کو اجاگر کرنا اور موت سے جڑے توہمات کے خاتمے میں مدد دینا ہے۔

شمالی ہنگری کے اس قبرستان میں مجموعی طور پر 38 افراد کو 19 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا، جبکہ ہر ٹیم میں دو افراد شامل تھے۔

شرکا نے مقررہ معیار کے مطابق قبر کھودنے کی اپنی مہارت اور رفتار کا مظاہرہ کیا، جس کے دوران ان کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا گیا۔

مقابلے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعے قبرستانوں کی دیکھ بھال سے وابستہ پیشہ ور افراد کو اپنی مہارتیں بہتر بنانے اور ایک دوسرے سے تجربات حاصل کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں