کراچی ڈیفنس فیز 8 میں نوجوان پر تشدد، مرکزی ملزم گرفتار

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں نوجوان پر تشدد کرنے والے مرکزی ملزم ملک ابراہیم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں 3 نوجوانوں کو ایک شخص پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم ملک ابراہیم کو گرفتار کرلیا۔

متاثرہ نوجوان علی جعفری نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ دوستوں کے ساتھ ڈیفنس فیز 6 میں کھانا کھانے گیا تھا۔ کھانا کھانے کے بعد باہر نکلا تو کسی نے سر پر ڈنڈا مارا جس سے وہ بے ہوش ہوگیا۔

علی جعفری کے مطابق ملزمان اسے گاڑی میں ڈال کر لے گئے اور تشدد کیا، جبکہ ایک شخص اس پر پستول تانے کھڑا رہا۔ ملزمان مبینہ طور پر اس سے معافی مانگنے کا کہتے رہے اور پیسوں کا بھی مطالبہ کیا۔

متاثرہ نوجوان کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان نے اس کے اکاؤنٹ سے خریداری بھی کی۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کا گزری تھانے کی حدود میں قائم گیمنگ زون میں جھگڑا ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق نوجوان پر تشدد کا واقعہ 29 اگست کو پیش آیا تھا، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں