کراچی کے علاقے کلفٹن میں نامعلوم شخص نے 30 سالہ خاتون پر تیزاب پھینک دیا، جس کے نتیجے میں خاتون 15 فیصد تک جھلس گئی۔
کراچی: کلفٹن کے علاقے اپر گزری میں نامعلوم شخص خاتون پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق خاتون گلی سے گزر رہی تھی کہ نامعلوم شخص نے اس پر تیزاب پھینکا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
واقعے میں 30 سالہ خاتون زخمی ہوگئی، جسے فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔
ایم ایس سول اسپتال کے مطابق تیزاب سے خاتون کا جسم تقریباً 15 فیصد تک جھلس گیا ہے، جس کے باعث اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کی تلاش
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جبکہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کے محرکات اور حملہ آور کی شناخت کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔




