سوئٹزرلینڈ کے ایک شہری نے دنیا کی سب سے لمبی مرچ اُگا کر تیسری مرتبہ اپنا ہی گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورگ ویز نامی شہری نے ایک فٹ 8.6 انچ لمبی مرچ اُگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ مرچ کی پیمائش 11 اگست کو کی گئی۔
یورگ ویز نے پہلی بار اکتوبر 2017 میں سب سے لمبی مرچ اُگانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا، جب ان کی اگائی ہوئی مرچ کی لمبائی ایک فٹ 5.7 انچ ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے اگلے ہی سال اپنا ریکارڈ مزید بہتر کرتے ہوئے ایک فٹ 7.9 انچ لمبی مرچ اُگائی، تاہم اب نئی مرچ کی لمبائی نے ان کے سابقہ ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کو دیے گئے انٹرویو میں یورگ ویز نے بتایا کہ وہ ہر سال مارچ میں گھر کے اندر گرو لائٹس کی مدد سے تقریباً 28 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں مرچ کے بیج اُگانا شروع کرتے ہیں۔
ان کے مطابق اپریل کے آخر میں موسم کی شدت کم ہونے کے بعد پودوں کو باغ میں منتقل کردیا جاتا ہے۔ وہ مٹی کی اچھی طرح گوڈی کرنے کے بعد اس میں وافر مقدار میں تیار شدہ کمپوسٹ شامل کرتے ہیں اور پودوں کو باقاعدگی سے پانی دینے کے ساتھ متوازن کھاد بھی فراہم کرتے ہیں۔
یورگ ویز کا کہنا ہے کہ مناسب دیکھ بھال، درجہ حرارت اور مٹی کی تیاری لمبی مرچ اُگانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔




