ممبئی میٹرو کی بلی کو ’سرکاری نوکری‘ مل گئی، مسافر کا مذاق حقیقت بن گیا

ممبئی: ممبئی کے ایک میٹرو اسٹیشن پر کئی ماہ سے گھومنے والی نارنجی رنگ کی بلی کو میٹرو انتظامیہ نے مذاقاً ایک منفرد اعزازی عہدہ دے دیا۔

یہ دلچسپ واقعہ گنڈاوالی میٹرو اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں بلی اکثر داخلی راستے کے قریب بیٹھی یا اسٹیشن کا جائزہ لیتی دکھائی دیتی تھی۔ اس کی مسلسل موجودگی کے باعث وہ مسافروں اور میٹرو عملے کے لیے مانوس چہرہ بن گئی۔

کہانی اس وقت دلچسپ ہوگئی جب ایک مسافر سندیش سامنت نے اسٹیشن پر موجود بلی کی تصویر بنائی اور اسے میٹرو آپریٹر مہا ممبئی میٹرو آپریشن کارپوریشن لمیٹڈ (ایم ایم ایم او سی ایل) کو بھیج دیا۔

مسافر نے مزاحیہ انداز میں تجویز دی کہ بغیر تنخواہ کے ’سیکیورٹی گارڈ‘ کے فرائض انجام دینے والی اس بلی کو باقاعدہ عہدہ دے دینا چاہیے۔

میٹرو انتظامیہ نے بھی اس تجویز کو خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے بلی کو ’چیف فیلائن آفیسر‘ یعنی بلیوں کی چیف افسر کا اعزازی عہدہ دے دیا۔

میٹرو کے ایک عہدیدار کے مطابق یہ عہدہ محض مذاق اور تفریح کے طور پر دیا گیا ہے، تاہم بلی اسٹیشن پر اپنی موجودگی اور ’نگرانی‘ کی ذمہ داری کافی سنجیدگی سے نبھاتی دکھائی دیتی ہے۔

واضح رہے کہ بلی کے پاس نہ کوئی شناختی کارڈ ہے، نہ تنخواہ اور نہ ہی دفتر، لیکن اس کا منفرد عہدہ اسے میٹرو اسٹیشن کی سب سے دلچسپ ’ملازم‘ ضرور بنا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں