دنیا کی معمر ترین خاتون ایتھل کیٹرہم 117 برس کی ہوگئیں، لمبی عمر کا راز بھی بتادیا

برطانوی خاتون ایتھل کیٹرہم 117 برس کی ہوگئی ہیں، جو مئی 2025 میں 115 سال کی عمر میں دنیا کی معمر ترین شخصیت کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد اب اپنی 117ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔

ایتھل کیٹرہم برطانوی علاقے سرے کے ایک کیئر ہوم میں مقیم ہیں اور گزشتہ ایک سال کے دوران ان کی زندگی میں کئی ایسے واقعات پیش آئے جو ان کے لیے پہلی بار تھے۔ ان میں ستمبر 2025 میں برطانوی بادشاہ سے ملاقات بھی شامل ہے۔

ایتھل کیٹرہم 21 اگست 1909 کو جنوبی انگلینڈ کے گاؤں شپٹن بیلنگر میں پیدا ہوئیں۔ وہ 8 بہن بھائیوں میں ساتویں نمبر پر تھیں جبکہ سفر کرنا ان کے پسندیدہ مشاغل میں شامل تھا۔

18 برس کی عمر میں 1927 میں انہوں نے برصغیر کا سفر کیا اور یہاں ایک برطانوی خاندان کے ہاں تقریباً 3 سال تک کام کیا، جس کے بعد واپس انگلینڈ چلی گئیں۔

ایتھل کی اپنے شوہر نورمن سے ملاقات 1931 میں ہوئی۔ نورمن برطانوی فوج سے وابستہ تھے اور ہانگ کانگ اور جبرالٹر میں تعینات رہے۔

ان کے شوہر کا انتقال 1976 میں ہوا۔ اس دوران ایتھل نے اپنی دو بیٹیوں کی پرورش کی، تاہم طویل زندگی کے سفر میں انہیں اپنے شوہر اور دونوں بیٹیوں کی وفات کا صدمہ بھی برداشت کرنا پڑا۔

آج ایتھل کیٹرہم اپنے 3 نواسوں اور 5 پڑپوتوں کے ساتھ خاندان کی اگلی نسلیں بھی دیکھ رہی ہیں۔

اپنی 117 سالہ زندگی میں ایتھل نے برطانوی تخت پر 6 بادشاہوں اور ملکہ کا دور دیکھا۔ وہ برطانوی بادشاہ ایڈورڈ ہفتم کے عہد کی آخری زندہ شخصیت بھی ہیں۔ ایڈورڈ ہفتم نے 1901 سے 1910 میں اپنی وفات تک برطانیہ پر حکومت کی۔

لمبی عمر کا راز کیا ہے؟

دنیا کی معمر ترین خاتون سے جب ان کی طویل زندگی کے راز کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے سادہ مگر دلچسپ جواب دیا۔

ایتھل کے اپنے الفاظ میں، “میں نے کبھی کسی سے بحث نہیں کی، میں سب کی بات سنتی ہوں مگر کرتی وہی ہوں جو کرنا چاہتی ہوں۔”

ان کے مطابق یہی رویہ ان کی طویل زندگی کا راز ہے۔

117 برس کی عمر میں ایتھل کیٹرہم کی زندگی نہ صرف غیر معمولی لمبی عمر کی مثال ہے بلکہ ایک صدی سے زائد عرصے میں برطانیہ اور دنیا میں آنے والی بڑی تاریخی تبدیلیوں کی چشم دید گواہی بھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں