ایڈنبرا فیسٹیول فرنج کا مستقل نیا مرکز ’’فرنج سینٹرل‘‘ کھول دیا گیا

دنیا کے معروف فنونِ لطیفہ کے میلے ایڈنبرا فیسٹیول فرنج کا مستقل نیا مرکز ’’فرنج سینٹرل‘‘ باضابطہ طور پر کھول دیا گیا۔

ایڈنبرا کے تاریخی اولڈ ٹاؤن میں انفِرمری اسٹریٹ پر قائم نئے مرکز کا افتتاح برطانوی وزیر ثقافت ایان مرے، سٹی آف ایڈنبرا کونسل کی کلچر اینڈ کمیونٹیز کمیٹی کی کنوینر کونسلر مارگریٹ گراہم، ایڈنبرا فیسٹیول فرنج سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹو ٹونی لینکسٹر، کونسل لیڈر کونسلر جین میگر اور سوسائٹی کے چیئرمین بینی ہیگنز نے کیا۔

فرنج سینٹرل کو فنکاروں اور فرنج سے وابستہ افراد کے لیے سال بھر فعال رہنے والے مرکز کے طور پر قائم کیا گیا ہے، جہاں فنکاروں کو اپنے شوز کی تیاری، مستقبل کے کیریئر، انڈسٹری سے رابطوں، تشہیر اور مارکیٹنگ سمیت مختلف شعبوں میں رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی۔

اگست کے دوران مرکز روزانہ کھلا رہے گا، جہاں فنکاروں اور انڈسٹری سے وابستہ افراد کے لیے نیٹ ورکنگ اور مختلف صنعتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ ان پروگراموں کے ذریعے فنکاروں کو تھیٹر، فلم اور ٹیلی ویژن سے وابستہ پیشہ ور افراد سے روابط قائم کرنے اور مستقبل میں اپنے شوز کی ٹورنگ کے مواقع حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

فرنج سوسائٹی کے مطابق فنکاروں کو ون ٹو ون مشاورت کے ساتھ ساتھ فلاح و بہبود کی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی، جبکہ سال بھر ایڈنبرا کے مقامی رہائشیوں، فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے لیے معاونتی خدمات اور بک ہونے والے ریہرسل اسپیسزبھی دستیاب ہوں گے۔

برطانوی وزیر ثقافت ایان مرے نے افتتاح کے موقع پر کہا کہ نئی مستقل عمارت فرنج سوسائٹی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ برطانوی حکومت نے اس منصوبے کے لیے 7 ملین پاؤنڈ کی مالی معاونت فراہم کی ہے۔ ان کے مطابق فرنج نہ صرف ابھرتے ہوئے فنکاروں بلکہ برطانیہ کے مجموعی تخلیقی اور ثقافتی شعبے کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ایڈنبرا فیسٹیول فرنج سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹو ٹونی لینکسٹر نے کہا کہ ’’فرنج سینٹرل‘‘ کا افتتاح تقریباً ایک دہائی پر محیط کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق نیا مرکز فنکاروں کو فرنج فیسٹیول میں اپنے کام کو پیش کرنے کے لیے عملی اور بالمشافہ معاونت فراہم کرے گا۔

پروجیکٹ کے لیے برطانوی حکومت، سٹی آف ایڈنبرا کونسل اور دیگر اداروں نے مالی معاونت فراہم کی، جبکہ ایڈنبرا سٹی کونسل نے عمارت کے لیے 99 سالہ لیز کی منظوری دی ہے۔ منصوبے میں برطانوی حکومت کی جانب سے 7 ملین پاؤنڈ، فائل فاؤنڈیشن کی طرف سے 1.1 ملین پاؤنڈ اور ایس پی انرجی نیٹ ورکس کے ٹرانزیشن نیٹ زیرو فنڈ سے 250 ہزار پاؤنڈ سمیت دیگر فنڈنگ شامل ہے۔

فرنج سینٹرل ایڈنبرا کے 6 انفِرمری اسٹریٹ پر واقع ہے اور اگست کے دوران روزانہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک کھلا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں