معروف پاکستانی اداکار احسن خان نے مردوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی بیویوں کو صرف گھریلو ذمہ داریوں تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں خودمختار اور بااختیار بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے احسن خان کا کہنا تھا کہ اگر شوہر اپنی زندگی میں کامیابی حاصل کر رہا ہے تو اسے چاہیے کہ اپنی اہلیہ کو بھی آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ ایک عورت ساری زندگی صرف بچوں کی پرورش، گھر کے کام کاج اور سسرال کی ذمہ داریوں میں ہی مصروف رہے۔ ان کے بقول اگر کوئی خاتون اپنی ذاتی ترقی سے محروم رہ جاتی ہے تو اس میں شوہر کی بھی ذمہ داری ہوتی ہے۔
احسن خان نے کہا کہ مردوں کو چاہیے کہ وہ اپنی بیوی کا ہاتھ تھام کر اسے اپنے ساتھ لے کر چلیں، نہ کہ اسے صرف کچن اور گھریلو معاملات تک محدود کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنے اور اپنی شناخت بنانے کا موقع ملنا چاہیے۔
اداکار نے مردوں سے اپیل کی کہ اگر ان کی بیوی کم تعلیم یافتہ ہے تو اسے مزید تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیں، اس کی حوصلہ افزائی کریں اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔
اپنی ذاتی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے احسن خان نے بتایا کہ ان کی اہلیہ کو بیکنگ کا شوق تھا، اس لیے انہوں نے کبھی ان کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالی بلکہ مختلف کورسز کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی ذمہ داری بھی خود سنبھالی تاکہ ان کی اہلیہ اپنی دلچسپی کے شعبے میں آگے بڑھ سکیں۔
احسن خان کے مطابق انہوں نے اپنی اہلیہ کو گاڑی چلانا بھی سکھائی تاکہ وہ خود مختار بنیں، خود سفر کریں اور ان میں اعتماد پیدا ہو۔




