دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبر مسٹر بیسٹ رشتۂ ازدواج میں منسلک، شادی کی تصاویر وائرل

دنیا کے سب سے زیادہ سبسکرائب کیے جانے والے یوٹیوب چینل کے مالک اور معروف امریکی یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (جمی ڈونلڈسن) رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

مسٹر بیسٹ نے جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والی معروف کانٹینٹ کریئیٹر تھیا بویسین سے ایک نجی تقریب میں شادی کی، جس کی تصاویر انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔

شادی کی تصاویر کے ساتھ انہوں نے مختصر مگر جذباتی پیغام میں لکھا، “مجھے مسز بیسٹ مل گئی ہیں” جبکہ انہوں نے اس دن کو اپنی زندگی کا خوبصورت ترین دن بھی قرار دیا۔

رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب نیکر آئی لینڈ پر منعقد ہوئی، جہاں دونوں کے قریبی دوستوں اور اہل خانہ سمیت تقریباً 70 مہمان شریک ہوئے۔ شادی کی تقریبات 14 جولائی سے شروع ہوئیں اور ایک ہفتے تک جاری رہیں۔

تھیا بویسین بھی ایک معروف یوٹیوبر اور ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹر ہیں۔ وہ جنوبی افریقا سے تعلق رکھتی ہیں اور قانون اور نفسیات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر چکی ہیں۔ وہ متعدد مواقع پر مسٹر بیسٹ کی ویڈیوز میں بھی نظر آ چکی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کی پہلی ملاقات 2022 میں جنوبی افریقا میں ہوئی تھی۔ بعد ازاں ان کے درمیان دوستی پروان چڑھی جو وقت کے ساتھ محبت میں تبدیل ہوگئی۔ ایک انٹرویو میں تھیا بویسین نے کہا تھا کہ پہلی ملاقات میں ہی انہیں جمی ڈونلڈسن کی عاجزی، سادگی اور ذہانت نے متاثر کیا۔

واضح رہے کہ مسٹر بیسٹ اس وقت دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبر ہیں اور ان کے یوٹیوب چینل کے کروڑوں سبسکرائبرز ہیں، جبکہ ان کی ویڈیوز دنیا بھر میں اربوں بار دیکھی جا چکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں