دیا مرزا کے بعد سونی رازدان بھی دیوالی پر پٹاخے جلانے کے خلاف بول پڑیں

بالی وڈ کی سینئر اداکارہ سونی رازدان نے دیوالی کے موقع پر پٹاخے جلانے کو صحت اور ماحول کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے اسے ملک دشمنی کے مترادف قرار دیا ہے۔

سونی رازدان نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں دیوالی کے موقع پر پٹاخے جلانے سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی پر تشویش کا اظہار کیا۔

اداکارہ نے لکھا کہ کم عمر بچوں کے والدین بخوبی جانتے ہیں کہ فضائی آلودگی کس طرح بچوں کی صحت کو متاثر کر رہی ہے اور بیماریوں کے باعث انہیں کتنے دن اسکول سے غیر حاضر رہنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایسے حالات میں دیوالی پر ایک بھی پٹاخہ جلانے کو درست قرار دیا جائے تو ان کے نزدیک یہ زندگی اور صحت کے خلاف ہونے کے ساتھ ساتھ ملک دشمنی کے مترادف ہے۔

سونی رازدان نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ صحت ایک ایسا انتخاب ہے جو ہر شخص اپنے اور اپنے بچوں کے لیے کرتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اداکارہ دیا مرزا نے بھی دیوالی کے موقع پر پٹاخے جلانے کے نقصانات سے متعلق آگاہی ویڈیو شیئر کی تھی۔

تاہم بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے اعتراض اٹھائے جانے کے بعد ممبئی کی شہری انتظامیہ نے دیا مرزا کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹا دی تھی۔

بعد ازاں بمبئی ہائی کورٹ نے شہری انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ اداکارہ کی ویڈیو دوبارہ جاری کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں