اداکارہ ایمن سلیم نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی

پاکستانی اداکارہ اور سابق کرکٹر سلیم یوسف کی صاحبزادی ایمن سلیم نے سیاست میں قدم رکھتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت اختیار کرلی۔

ایمن سلیم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں انہیں ایک تقریب کے دوران پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایمن سلیم نے کہا کہ وہ بچپن سے ہی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی بڑی مداح رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں ہر وہ لڑکی محترمہ بے نظیر بھٹو سے متاثر ہے جس نے ان کی زندگی اور جدوجہد کو دیکھا ہے۔

’میرے لیے یہ سیاسی فیصلہ نہیں، ایک وعدہ ہے‘

ایمن سلیم نے کہا کہ ان کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ بننا خوشی اور فخر کی بات ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر ان کے لیے یہ محض ایک سیاسی فیصلہ نہیں، بلکہ اپنے ملک اور عوام سے کیا جانے والا ایک وعدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے نیک نیتی اور خلوص کے ساتھ پاکستان کے لیے کام کریں گی۔

ایمن سلیم کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کو ان کے سیاسی سفر کا آغاز قرار دیا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں