احتساب عدالت نے اپر کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل کے ایک اور ملزم مشرف شاہ کی 51 کروڑ روپے سے زائد کی پلی بارگین درخواست منظور کرتے ہوئے اسے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت کے جج نے ملزم کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس کے مطابق مشرف شاہ کی 51 کروڑ 31 لاکھ 38 ہزار 424 روپے کی پلی بارگین منظور کرلی گئی ہے۔
عدالت نے ملزم کی تمام جائیداد اور متعلقہ رقوم حکومت خیبر پختونخوا کے حق میں ضبط کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ فیصلے میں ملزم کی رہائی کی ہدایت کرتے ہوئے نیب آرڈیننس کے تحت اسے سزا یافتہ تصور کرنے اور نااہل قرار دینے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق اپر کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر قومی خزانے سے 37 ارب روپے سے زائد کی رقم نکالی گئی، تاہم نیب کی تحقیقات میں ان منصوبوں کا عملی وجود سامنے نہیں آیا۔
نیب کے مطابق اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران کیشیئر مشرف شاہ کو حراست میں لیا گیا تھا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ، بھائی اور دوست کے ناموں اور بینک اکاؤنٹس کو رقوم اور اثاثوں کے لیے استعمال کیا۔
عدالت نے ملزم کی اہلیہ کے نام ایبٹ آباد میں واقع بنگلے اور بشام میں تین کنال پر مشتمل مکان کو بھی بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ ملزم کی تعمیراتی کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس میں موجود 40 کروڑ روپے سے زائد کی رقم بھی سرکاری تحویل میں لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزم مشرف شاہ، اس کی اہلیہ، بھائی اور دوست کے بیانات کسی دباؤ کے بغیر رضاکارانہ طور پر ریکارڈ کیے گئے، جس کے بعد عدالت نے پلی بارگین کی درخواست کی توثیق کردی۔
واضح رہے کہ اپر کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل میں سرکاری بینک اکاؤنٹس سے اربوں روپے کی مبینہ خردبرد کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ جنگ اور جیو نیوز نے 30 اپریل 2025 کو اس اسکینڈل کی تفصیلات منظرعام پر لائی تھیں، جسے ملکی تاریخ کے بڑے مالیاتی اسکینڈلز میں شمار کیا جاتا ہے۔




