واشنگٹن ڈی سی کے جم میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک اور 4 زخمی، حملہ آور نے بھی خودکشی کرلی

امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے علاقے لوگن سرکل میں ایک جم کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 4 دیگر زخمی ہوگئے، جبکہ حملے کے بعد ملزم نے قریبی اپارٹمنٹ میں خود کو گولی مار لی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے کچھ دیر قبل پیش آیا، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

میٹروپولیٹن پولیس کے عبوری سربراہ جے ڈبلیو کیرول نے صحافیوں کو بتایا کہ فائرنگ کے بعد مشتبہ حملہ آور ساتویں منزل پر واقع ایک اپارٹمنٹ میں داخل ہوکر خود کو بند کرچکا تھا، جہاں پولیس کے مذاکرات کاروں نے اس سے رابطہ قائم کیا۔

پولیس حکام کے مطابق تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد اہلکاروں کو اپارٹمنٹ سے فائرنگ کی آواز سنائی دی۔ پولیس جب اندر داخل ہوئی تو معلوم ہوا کہ ملزم نے خود کو گولی مار لی ہے۔

حملہ آور کی حالت کے حوالے سے ابتدائی طور پر پولیس نے تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم امریکی نشریاتی اداروں این بی سی اور فوکس نیوز نے قانون نافذ کرنے والے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ملزم ہلاک ہوچکا ہے۔

پولیس کا ابتدائی خیال ہے کہ مشتبہ حملہ آور اسی اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھا اور اس جم کا رکن بھی تھا جہاں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

پولیس چیف جے ڈبلیو کیرول کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے چار افراد میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے لوگن سرکل کے علاقے میں بڑے پیمانے پر کارروائی کی۔ ٹیکٹیکل گیئر سے لیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جو وائٹ ہاؤس سے تقریباً ایک میل کے فاصلے پر واقع ہے۔

پولیس نے تاحال حملہ آور اور ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی، جبکہ تفتیش کار فائرنگ کے محرکات جاننے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں