بشکیک: شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ایرانی صدر مسعود پزیشکیان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران روسی صدر نے ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ کشیدگی کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی روابط متاثر نہیں ہونے دیے جائیں گے۔
ایرانی صدارتی دفتر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
روسی قیادت کی جانب سے ایران کے ساتھ اقتصادی روابط برقرار رکھنے کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون کرنے والے ممالک پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔
روس اور ایران کے درمیان گزشتہ برسوں کے دوران دفاع، توانائی، تجارت اور علاقائی معاملات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کو خطے میں جاری کشیدگی اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سفارتی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔



