سعودی عرب نے اسیل بنت سلطان الشھیل کو سویڈن میں سفیر مقرر کردیا

سعودی عرب نے سفارتی شعبے میں خواتین کی نمائندگی کو مزید وسعت دیتے ہوئے اسیل بنت سلطان الشھیل کو سویڈن میں نیا سفیر مقرر کر دیا ہے، جبکہ وہ آئس لینڈ میں غیرمقیم سفیر کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں گی۔

اسیل بنت سلطان الشھیل نے منگل کو جدہ میں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

اسیل بنت سلطان الشھیل سعودی عرب کی ساتویں خاتون سفیر ہیں اور انہیں سفارتی، قانونی اور بین الاقوامی امور میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا نمایاں حصہ اقوام متحدہ میں انسانی حقوق سے متعلق امور پر کام کرتے ہوئے گزارا، جہاں ان کی خدمات کو بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا۔

سال 2010 میں سعودی عرب کی جانب سے نامزد کیے جانے کے بعد وہ اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے حقوق اطفال کی رکن منتخب ہوئیں، جس کے بعد انہوں نے انسانی حقوق اور بین الاقوامی سفارتکاری کے میدان میں اہم کردار ادا کیا۔

تعلیمی اعتبار سے اسیل الشھیل بین الاقوامی تعلقات میں مہارت رکھتی ہیں۔ انہوں نے پولیٹیکل سائنس میں بیچلر اور ماسٹر ڈگری حاصل کر رکھی ہے، جبکہ نیو یارک یونیورسٹی اسکول آف لا سے بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون میں فیلوشپ بھی مکمل کی۔

سعودی وزارت خارجہ میں اپنے طویل سفارتی کیریئر کے دوران وہ مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دیتی رہیں اور 2023 میں انہیں منسٹر پلینپوٹینٹری کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ اس دوران انہوں نے متعدد مشترکہ ورکنگ گروپس میں سعودی سفارتی وفود کی قیادت بھی کی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اسیل بنت سلطان الشھیل کی تقرری سعودی عرب کی جانب سے خواتین کو سفارتکاری سمیت اہم ریاستی شعبوں میں مزید فعال کردار دینے کی پالیسی کا تسلسل قرار دی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں