امریکی ریاست پنسلوانیا سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ خاتون نیویارک سٹی میراتھن کے دوران فنش لائن سے محض 2 میل پہلے اچانک گرنے کے بعد انتقال کرگئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریچل نامی نوجوان خاتون پہلی مرتبہ نیویارک سٹی میراتھن میں حصہ لے رہی تھی۔ اس نے یہ دوڑ اپنے دادا کے اعزاز میں پارکنسنز بیماری پر تحقیق کے لیے خیراتی فنڈ جمع کرنے کی غرض سے شروع کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ریچل نے 26.2 میل طویل میراتھن میں شرکت کی تھی اور وہ اختتامی لائن سے صرف 2 میل کے فاصلے پر تھی کہ اچانک گر پڑی۔
ریچل کے والد کے مطابق ان کی بیٹی رابڈومائلیسس (Rhabdomyolysis) نامی طبی کیفیت کا شکار ہوگئی تھی، جس میں پٹھوں کے خلیات ٹوٹنے لگتے ہیں اور ان کے اجزا خون میں شامل ہوکر گردوں سمیت جسم کے دیگر اعضا کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد ریچل کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے کئی گھنٹوں تک اس کی جان بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔
ریچل نے اپنے دادا کی یاد میں پارکنسنز کی بیماری کے علاج اور تحقیق کے لیے رقم جمع کرنے کا مقصد لے کر میراتھن میں حصہ لیا تھا۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




