بھارتی ریاست گجرات میں تیز رفتار گاڑی ٹریلر سے ٹکرا گئی، 7 افراد ہلاک

بھارتی ریاست گجرات میں تیز رفتار گاڑی کھڑے ٹریلر سے ٹکرا گئی، حادثے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ ریاست گجرات کے ضلع بھاونگر میں بھاونگر سومناتھ نیشنل ہائی وے سے ملحقہ سروس روڈ پر پیش آیا۔

پولیس کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 10 بجے اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار گاڑی سروس روڈ پر کھڑے ٹریلر سے پیچھے سے ٹکرا گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار افراد بھاونگر سے الانگ جا رہے تھے، جہاں وہ ایک شپ یارڈ میں کام کرتے تھے۔

حادثے کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی دوران علاج چل بسا۔

عینی شاہدین کے مطابق ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹریلر بھی آگے کی جانب کھسک گیا جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور لاشیں سڑک پر بکھر گئیں۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں