جنوبی افریقا میں فائرنگ کے 2 واقعات، 27 افراد ہلاک، متعدد زخمی

جنوبی افریقا کے 2 بڑے شہروں میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور 26 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پہلا واقعہ جوہانسبرگ کے جنوب مغربی علاقے کے ایک بار میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے موجود افراد پر رائفلوں اور پستول سے فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے، جبکہ واردات کے بعد فرار ہونے والے مسلح افراد کی تلاش جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے، واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

دوسری جانب کیپ ٹاؤن میں ایک انٹرٹینمنٹ وینیو میں مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی جنوبی افریقا کے علاقے ڈربن میں ایک گھر میں پارٹی کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں حاملہ خاتون سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں