امریکا کی مشرقی ساحلی ریاستوں میں طاقتور سمندری طوفان نار ایسٹر کے باعث شدید بارشوں اور تیز ہواؤں نے نظام زندگی متاثر کردیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق نار ایسٹر کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد مشرقی ساحلی علاقوں میں شدید بارش اور طوفانی ہواؤں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق ساحلی علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی، جبکہ کئی رہائشی علاقے زیر آب آگئے اور متعدد درخت گر گئے۔
شدید بارشوں کے باعث سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا اور متعدد گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔ خراب موسم کے باعث متاثرہ ریاستوں میں ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے۔
خراب موسم کے باعث 445 پروازیں منسوخ جبکہ 3 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
دوسری جانب نیویارک اور نیوجرسی کی متاثرہ کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی اٹلانٹک اور نیو انگلینڈ کے علاقوں میں تیز ہواؤں، بارش اور سیلاب کی صورتحال پیر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




