امریکا نے مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک میں موجود اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان جاری کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہوسکتا ہے۔
امریکی حکام نے عراق، بحرین، عمان، سعودی عرب، ایران، قطر، لبنان، کویت اور اردن میں موجود امریکی شہریوں کو زیادہ محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
امریکی سفارتی مشنز کے مطابق خطے کی سکیورٹی صورتحال پیچیدہ ہے اور غیر متوقع طور پر کشیدگی میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔
امریکا نے سکیورٹی الرٹس میں پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفری رکاوٹوں کے امکانات سے بھی شہریوں کو آگاہ کیا ہے۔
امریکی سفارتی مشنز نے خبردار کیا ہے کہ ایران اور اس کے حمایت یافتہ گروہ بیرون ملک امریکی مفادات یا امریکی شہریوں سے منسلک مقامات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
امریکی حکام نے خطے میں موجود شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقامی سکیورٹی صورتحال سے باخبر رہیں اور امریکی سفارتی مشنز کی جانب سے جاری ہونے والے تازہ ترین سکیورٹی الرٹس پر عمل کریں۔




