امریکی ریاست اوکلاہوما اور آرکنساس کی سرحد کے قریب ماہر پائلٹ نے طیارے کی پرواز کو فن کا شاہکار بنا دیا، جی پی ایس فلائٹ پاتھ کے ذریعے فضا میں مشہور زمانہ پینٹنگ مونا لیزا کا اسکیچ تیار کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق پائلٹ نے سیسنا آر 182 طیارے کے ذریعے تقریباً 3 گھنٹے تک پرواز کی اور پہلے سے طے شدہ جی پی ایس روٹ کے مطابق طیارے کو اس انداز میں موڑا کہ فلائٹ ٹریکنگ اسکرین پر لیونارڈو ڈا ونچی کی شہرۂ آفاق پینٹنگ مونا لیزا کا پورٹریٹ بن گیا۔
پائلٹ نے آرکنساس کے شہر بینٹن ویل سے پرواز شروع کی اور زیادہ تر وقت اوکلاہوما اور آرکنساس کی سرحدی علاقے، خصوصاً تہلیکوا کے اطراف پرواز کرتے رہے۔
فضائی آرٹ کے اس منفرد شاہکار میں مونا لیزا کے چہرے، بالوں اور پورٹریٹ کی دیگر تفصیلات کو جی پی ایس روٹ کے ذریعے نمایاں کیا گیا، جبکہ پورا فلائٹ پاتھ تقریباً 35 میل کے علاقے پر محیط تھا۔
پائلٹ نے طیارے کو انتہائی درستگی کے ساتھ مقررہ راستے پر اڑایا، کیونکہ روٹ میں معمولی سی تبدیلی بھی تیار کیے گئے خاکے کو متاثر کرسکتی تھی۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس پر جب طیارے کا راستہ دیکھا گیا تو اس نے مونا لیزا کی واضح تصویر بنا دی، جس کے بعد یہ منفرد فضائی فن سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق 73 ہزار سے زائد افراد نے اس پرواز کو لائیو ٹریک کیا اور پائلٹ کی اس منفرد کاوش کو سراہا۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




