نیپال: سیلاب کے 10 روز بعد ملبے سے 60 سالہ خاتون زندہ نکال لی گئی

نیپال میں تباہ کن سیلاب کے 10 روز بعد امدادی کارکنوں نے متاثرہ مکان کے ملبے سے 60 سالہ خاتون کو زندہ نکال لیا۔

نیپالی میڈیا کے مطابق ضلع نواکوٹ میں سیلاب سے تباہ ہونے والے چار منزلہ مکان کے ملبے سے چندیکا شریستھا نامی خاتون کو امدادی کارکنوں نے بے ہوشی کی حالت میں تلاش کیا۔

رپورٹ کے مطابق امدادی کارکنوں نے خاتون کو ملبے سے نکالنے کے بعد ہوش میں لانے کی کوشش کی اور انہیں پانی بھی پلایا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ خاتون 10 روز تک ملبے تلے پھنسی رہی، جس کے بعد انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق نیپال میں تباہ کن سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 1300 سے تجاوز کرگئی ہے، جبکہ 5 ہزار 600 سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں۔

گزشتہ روز بھی نیپال میں ایک ہائیڈرو پاور منصوبے کی سرنگ سے دو افراد کو کئی روز بعد زندہ نکال لیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں