امریکا نے سعودی عرب کو تقریباً 5 ارب ڈالر مالیت کے جدید بم فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔
امریکی محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کو تقریباً 5 ارب ڈالر مالیت کے جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشنز ایکسٹینڈڈ رینج (JDAM-ER) کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی ہے، جس کا بنیادی ٹھیکہ امریکی کمپنی بوئنگ کو ملنے کا امکان ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سعودی عرب کو 750 ملین ڈالر مالیت کے AGT-150 انجنز کی علیحدہ فروخت کی بھی منظوری دی گئی ہے، جس کا ٹھیکہ ہنی ویل (Honeywell) کو دیا جائے گا۔ یہ انجن فوجی ٹینکوں میں استعمال ہوتے ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مجوزہ دفاعی سودوں سے سعودی عرب کو موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ اس کی دفاعی تیاری، آپریشنل ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت اور امریکا کے ساتھ دفاعی تعاون بھی مزید مضبوط ہوگا۔
دریں اثنا، امریکا نے عمان اور عراق کے لیے بھی دو الگ دفاعی معاہدوں کی منظوری دی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق عمان کو F-16 طیاروں کی دیکھ بھال اور معاونت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے 188 ملین ڈالر مالیت کے ممکنہ معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔
اسی طرح عراق کو 150 ملین ڈالر مالیت کے Bell 412EPX ہیلی کاپٹرز فروخت کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے منظور کیے گئے یہ دفاعی سودے خطے میں امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور فوجی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




