افغان طالبان نے ملک بھر میں مظاہروں پر مکمل پابندی لگادی

افغان طالبان نے ملک بھر میں ہر قسم کے مظاہروں پر پابندی عائد کردی۔

افغان میڈیا کے مطابق طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ نے نئے پولیس قانون ’’قانون شرطہ‘‘ کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت افغانستان میں کسی بھی قسم کے مظاہرے کی اجازت نہیں ہوگی۔

افغان وزارت انصاف کی جانب سے قانون شرطہ باضابطہ طور پر جاری کردیا گیا ہے، جس میں پولیس کے مختلف شعبوں کے فرائض اور ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق قانون شرطہ کی شق 50 میں واضح کیا گیا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پر کسی بھی نوعیت کا مظاہرہ ممنوع ہوگا۔

خیال رہے کہ طالبان نے حال ہی میں اپنی پولیس فورس کا نام تبدیل کرکے ’’شرطہ‘‘ رکھا ہے۔

نئے پولیس قانون میں پولیس اہلکاروں کو گرفتاری کے دوران ایسے اقدامات سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جن سے زیرحراست افراد یا ملزمان کی جسمانی صحت یا عزت نفس کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو۔

قانون کے تحت کسی قیدی یا ملزم کو عدالتی حکم کے بغیر لاٹھی، کوڑے، کیبل یا کسی بھی دوسرے طریقے سے تشدد کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

قانون میں پولیس اہلکاروں کے لیے گرفتاری اور زیرحراست افراد سے برتاؤ کے حوالے سے بھی مختلف ضوابط مقرر کیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں