پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے ہونے والے مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر کے درمیان ورچوئل ملاقات میں دوطرفہ تجارتی فریم ورک کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں واشنگٹن میں ہونے والے حالیہ مذاکرات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور دونوں ممالک نے تکنیکی سطح پر مذاکرات کو تیز کرنے اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط تجارتی شراکت داری نہ صرف باہمی اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی بلکہ پاکستانی برآمدات میں اضافے کا بھی باعث بنے گی۔
وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں امریکا کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا گیا، جبکہ امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک (ایگزم بینک) کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
بیان کے مطابق امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر نے پاکستان کی لیبر اور ریگولیٹری اصلاحات کو سراہتے ہوئے جبری مشقت کے خاتمے سے متعلق اصلاحاتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
امریکی تجارتی نمائندے کا کہنا تھا کہ باقی ماندہ امور تکنیکی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے ذریعے طے کیے جائیں گے، جبکہ دونوں فریقوں نے مذاکرات جلد مکمل کرنے اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




