ایڈنبرا فرنج 2026: برمنگھم کا منفرد ’’ڈرم اینڈ باس ایروبکس‘‘ شو پہلی بار فیسٹیول کا حصہ بنے گا

رطانیہ کے شہر برمنگھم سے تعلق رکھنے والا مقبول ڈانس فٹنس شو “Drum n Bounce” پہلی مرتبہ دنیا کے سب سے بڑے آرٹس فیسٹیول ایڈنبرا فرنج 2026 میں پیش کیا جائے گا، جہاں شرکاء کو موسیقی، رقص اور ورزش کا منفرد امتزاج دیکھنے اور اس میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔

منتظمین کے مطابق “The Drum & Bass Aerobics Experience” ایک 45 منٹ پر مشتمل ہائی انرجی ڈانس فٹنس شو ہے، جس میں تیز رفتار ڈرم اینڈ باس میوزک کو آسان اور ہر عمر کے افراد کے لیے موزوں ایروبکس کوریوگرافی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔

یہ شو 14، 15، 16، 22 اور 23 اگست 2026 کو ایڈنبرا کے معروف Venue 13 میں منعقد ہوگا، جہاں شرکاء روایتی ورزش کے بجائے موسیقی کی دھنوں پر فٹنس کا منفرد تجربہ حاصل کریں گے۔

Drum n Bounce کی بنیاد 2012 میں ایما سمال مین (Emma Smallman) نے رکھی تھی، جو ایک ڈی جے، ریڈیو میزبان اور ٹراما انفارمڈ یوگا ٹیچر بھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد لوگوں کو بغیر کسی دباؤ کے ورزش، موسیقی اور خوشی کو ایک ساتھ محسوس کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

منتظمین کے مطابق اس شو میں وہیل چیئر استعمال کرنے والے افراد کا بھی خیر مقدم کیا جائے گا، جبکہ تمام ورزشیں کم یا زیادہ شدت کے مطابق اختیار کی جا سکیں گی تاکہ ہر شخص اپنی سہولت کے مطابق حصہ لے سکے۔

ایما سمال مین کا کہنا ہے کہ گزشتہ تقریباً 14 برسوں میں اس پروگرام نے ہزاروں افراد کو نہ صرف جسمانی سرگرمی کی طرف راغب کیا بلکہ انہیں خوشی، اعتماد اور سماجی روابط قائم کرنے کا بھی موقع فراہم کیا۔

واضح رہے کہ Drum n Bounce برطانیہ کے مختلف میوزک فیسٹیولز، کامن ویلتھ گیمز اور یوروویژن فین زون سمیت متعدد بڑے ایونٹس میں اپنی پرفارمنس پیش کر چکا ہے، جبکہ ایڈنبرا فرنج 2026 میں اس کی پہلی شرکت کو بھی شائقین کی جانب سے خاصی دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں