برلن میں وین ہجوم پر چڑھ گئی، ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایک وین ہجوم پر چڑھ جانے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ برلن کے معروف ٹیئرگارٹن پارک میں پیش آیا، جہاں ایک تقریب کے سلسلے میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔

رپورٹس کے مطابق تقریب کے دوران سفید رنگ کی ایک وین اچانک ہجوم میں داخل ہوگئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور طبی عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ بعض زخمیوں کی منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹر کی مدد بھی حاصل کی گئی۔

برلن پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث مشتبہ ڈرائیور کی شناخت کر لی گئی ہے، تاہم تاحال اسے گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جائے وقوعہ کے اطراف غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور تفتیش مکمل ہونے تک افواہوں پر یقین نہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں