امریکا نے تعلیمی تعاون کے تحت 85 پاکستانی طلبا اور محققین کو فل برائٹ اسکالرشپس فراہم کر دی ہیں، جن کے ذریعے منتخب امیدوار امریکا کی مختلف جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کریں گے۔
یو ایس ایجوکیشن فاؤنڈیشن اِن پاکستان (USEFP) کے مطابق رواں سال 71 ماسٹرز، 14 پی ایچ ڈی جبکہ 6 فل برائٹ فارن لینگویج ٹیچنگ اسسٹنٹ (FLTA) فیلوشپس دی گئی ہیں۔
اسکالرشپ حاصل کرنے والے پاکستانی طلبا امریکا کی معروف جامعات میں مختلف شعبہ جات میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی تعلیم مکمل کریں گے، جہاں انہیں تحقیق اور تعلیمی مہارتوں کو فروغ دینے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
یو ایس ای ایف پی کا کہنا ہے کہ فل برائٹ پروگرام امریکا اور پاکستان کی حکومتوں کے باہمی تعاون سے جاری ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، تحقیقی اور ثقافتی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2005 سے اب تک 3 ہزار سے زائد پاکستانی طلبا اس پروگرام کے تحت فل برائٹ اسکالرشپس حاصل کر چکے ہیں اور دنیا کی مختلف ممتاز امریکی جامعات سے اعلیٰ تعلیم مکمل کر چکے ہیں۔




