رومانیہ کی بندرگاہ پر سمندری ڈرون دھماکہ، یوکرینی سرحد کے قریب ہائی الرٹ: 5 روسی جہازوں پر بھی حملے، ہلاکتیں

Smoke rising from the port of Constanta, Romania, after a marine drone explosion.

نیٹو کے رکن ملک رومانیہ کی اہم ترین بندرگاہ “کوسٹانٹا” میں ایک نامعلوم سمندری ڈرون زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں بندرگاہ اور اردگرد کے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد بندرگاہ سے دھوئیں کے گہرے بادل فضا میں بلند ہوتے دیکھے گئے۔

رومانیہ کی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی بیان میں بتایا گیا ہے کہ تباہ ہونے والا ڈرون اپنی ساخت اور بناوٹ کے لحاظ سے ان سمندری ڈرونز سے مماثلت رکھتا ہے جو جاری یوکرین جنگ میں استعمال کیے جا رہے ہیں۔

مزید تین ڈرونز برآمد

واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی اداروں نے بندرگاہ اور مضافاتی سمندری حدود میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ آپریشن کے دوران بندرگاہ کے قریبی علاقے سے مزید 3 مشکوک سمندری ڈرونز برآمد ہوئے ہیں، جس کے بعد ساحلی پٹی پر سیکیورٹی کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے۔

روسی بحری جہازوں پر ڈرون حملے: 5 افراد جاں بحق
دوسری جانب، بحیرہ اسود اور اردگرد کے پانیوں میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ یوکرین کی جانب سے 5 روسی بحری جہازوں کو سمندری ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی اطلاعات ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ان حملوں کے دوران ایک روسی بحری جہاز پر ڈرون براہِ راست جا لگا۔ اس تباہ کن حملے کے نتیجے میں جہاز پر موجود 5 آذربائیجانی شہری جاں بحق ہو گئے ہیں۔

یوکرین جنگ کے اثرات نیٹو کی سرحدوں تک پہنچنے اور سویلین ہلاکتوں کے بعد خطے میں فوجی نقل و حرکت اور نگرانی کے نظام کو مزید فعال کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں