امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایران پر عائد معاشی پابندیوں کے باعث ایران سے آنے اور جانے والی 80 سے 90 فیصد بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوچکی ہیں۔
امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ امریکا ایران پر سخت معاشی دباؤ ڈال رہا ہے اور ایسی پابندیاں عائد کی جارہی ہیں جو ایرانی عوام نے اس سے پہلے نہیں دیکھیں۔
امریکی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معاشی پابندیوں کے باعث ایران کی بین الاقوامی فضائی آمدورفت بھی شدید متاثر ہوئی ہے، ایران سے آنے اور جانے والی 80 سے 90 فیصد بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں حیرت ہے کہ ایرانی وفد نیویارک سے واپس ایران کیسے جائے گا۔
اسکاٹ بیسنٹ نے مزید کہا کہ امریکا ان عناصر سے واقف ہے جو امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، جبکہ امریکا ایرانی مالیاتی نیٹ ورک کو مسلسل نشانہ بناتا رہے گا۔
امریکی وزیر خزانہ کے مطابق ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کے امریکا کے تین مقاصد ہیں، جن میں ایرانی حکومت کے اندرونی اختلافات کو بڑھانا، ایرانی عوام میں حکومت کے خلاف بغاوت کے جذبات پیدا کرنا اور کسی معاہدے کی صورت میں ایران سے اس کی مکمل پاسداری یقینی بنانا شامل ہے۔
اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ایران پر معاشی دباؤ کا سلسلہ کئی ہفتوں یا مہینوں تک جاری رہ سکتا ہے۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




