پاکستان سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والوں کی تعداد میں 64 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈیولپمنٹ (ICMPD) اور یورپی یونین کی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی (Frontex) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون بڑھانے اور بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے مشترکہ اقدامات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن کا 100 فیصد خاتمہ حکومت کا ہدف ہے، جسے ہر صورت حاصل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مائیگریشن میں کمی کے لیے قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے کے مزید مواقع اور نئی راہیں پیدا کرنا ضروری ہیں۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور یورپی اداروں کے درمیان غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، بارڈر مینجمنٹ اور مائیگریشن سے متعلق تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل آئی سی ایم پی ڈی نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
ملاقات میں مائیگریشن کے شعبے میں باہمی تعاون، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور قانونی مائیگریشن کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔




