امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر پیرامس میں ہاف میراتھون کے شرکا کو شدید بارش کے باعث سیلاب زدہ راستے سے گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ دوڑ کا کچھ حصہ تقریباً تیراکی کے مقابلے میں تبدیل ہوگیا۔
شدید بارش کے بعد ہاف میراتھون کے راستے کے بعض حصے کئی فٹ پانی میں ڈوب گئے، جس کے باعث رنرز کو گہرے پانی سے گزر کر اپنی دوڑ جاری رکھنا پڑی۔
رپورٹ کے مطابق متعدد مقامات پر پانی کمر تک گہرا تھا، جبکہ بعض رنرز کو خطرناک صورت حال کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
ایک رنر نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ میراتھون کے دوران انہوں نے 71 سالہ خاتون کو گہرے پانی میں سینے تک پھنسا ہوا دیکھا۔ رنر کے مطابق انہوں نے ایک اور شخص کی مدد سے خاتون کو اٹھا کر محفوظ مقام تک پہنچایا۔
رپورٹ کے مطابق کسی رنر کے زخمی ہونے یا کسی بڑے حادثے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم سیلاب کی وارننگ کے باوجود ایونٹ جاری رکھنے پر میراتھون کے منتظمین کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام کی جانب سے ایونٹ سے قبل ہی سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ہاف میراتھون کے اختتامی حصے کے قریب پولیس نے مداخلت کی اور رنرز کو سیلاب زدہ راستے کے بجائے متبادل راستہ اختیار کرنے پر مجبور کردیا۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




