بابر اعظم انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر، سلمان آغا قیادت کریں گے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے، ان کی غیر موجودگی میں سلمان آغا قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے لیڈز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بابر اعظم پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ ان کے مطابق میڈیکل ٹیم بابر اعظم کی انجری کا جائزہ لے رہی ہے اور امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ میچ تک مکمل فٹ ہوکر ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم نے پریکٹس میچ میں کامیابی حاصل کی ہے جس سے کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھا ہے۔ ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے اور انگلینڈ کے خلاف اچھے کھیل کی امید ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون اور ٹیم کمبینیشن کا فیصلہ کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ محمد عباس ان کنڈیشنز میں پاکستان کے لیے اہم بولر ثابت ہوسکتے ہیں۔

ہیڈ کوچ نے بتایا کہ شان مسعود پہلے ٹیسٹ کے لیے مکمل طور پر فٹ ہیں جبکہ تمام کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی ہے۔

بابر اعظم کی عدم دستیابی کے حوالے سے سرفراز احمد نے کہا کہ بابر ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں اور وہ اچھی فارم میں ہیں۔ تاہم ان کی غیر موجودگی کے باوجود ٹیم کے دیگر بیٹرز، جن میں سعود شکیل بھی شامل ہیں، اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں اور امید ہے کہ مڈل آرڈر انگلینڈ کے خلاف اہم کردار ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بابر اعظم دستیاب ہوتے تو ٹیم کے لیے مختلف کمبینیشنز پر غور کیا جاتا، تاہم کسی اہم کھلاڑی کی عدم دستیابی ایک دھچکا ضرور ہوتی ہے لیکن ٹیم کے تمام کھلاڑی پُراعتماد ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ لیڈز میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے قومی ٹیم نے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں