مریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اپنے شہریوں کو خطے سے نکلنے پر غور کرنے یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری انخلا کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔
امریکی سفارتخانوں کی جانب سے جاری سفری ہدایات کے مطابق کویت، مصر، بحرین، سعودی عرب، قطر، اردن اور متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، انتہائی احتیاط برتنے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پروازوں کی منسوخی، تاخیر اور فضائی حدود کی عارضی بندش جیسے اقدامات کیے جا سکتے ہیں، اس لیے امریکی شہری ممکنہ سفری رکاوٹوں کے لیے پہلے سے تیار رہیں۔
امریکی حکام کے مطابق بعض ایئرلائنز نے اپنی پروازوں کا معمول کا شیڈول بحال کرنے کا عمل مؤخر کر دیا ہے، جبکہ چند فضائی کمپنیوں نے مخصوص روٹس پر پروازیں معطل کر دی ہیں۔
امریکی سفارتخانوں نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حالات مزید خراب ہونے سے قبل واپسی کے امکانات کا جائزہ لیں یا ضرورت پڑنے پر فوری روانگی کے لیے اپنی سفری منصوبہ بندی مکمل رکھیں۔




