شراب پی کر گاڑی چلانے کا مقدمہ: ڈیوڈ وارنر نے عدالت میں جرم قبول کرلیا، سزا 18 اگست کو سنائی جائے گی

آسٹریلیا کے سابق اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر نے شراب کے نشے میں گاڑی چلانے کے مقدمے میں عدالت کے روبرو جرم قبول کرلیا، جس کے بعد انہیں 18 اگست کو سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیوڈ وارنر کو رواں سال اپریل میں سڈنی میں پولیس نے معمول کی چیکنگ کے دوران روکا، جہاں ڈرنک ڈرائیونگ ٹیسٹ مثبت آنے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق مئی میں ہونے والی ابتدائی سماعت کے دوران وارنر کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کے مؤکل اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں اور اس واقعے کو ایک “احمقانہ فیصلہ” قرار دیتے ہیں۔

بدھ کو ہونے والی عدالتی کارروائی میں وارنر کو ذاتی طور پر پیش ہونے کی ضرورت نہیں تھی، تاہم ان کے وکیل نے عدالت میں باضابطہ طور پر جرم قبول کرنے کی تصدیق کردی۔ عدالت اب اس کیس کا فیصلہ اور سزا 18 اگست کو سنائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس جرم پر کم از کم چھ ماہ کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کی معطلی، 2 ہزار 200 آسٹریلوی ڈالر تک جرمانہ جبکہ بعض حالات میں 9 ماہ تک قید کی سزا بھی دی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران مختصر تعطیلات کے لیے سڈنی گئے تھے۔ رپورٹس کے مطابق دوستوں کے ساتھ ملاقات کے بعد گھر واپسی پر پولیس کی جانب سے کیے گئے ڈرنک ڈرائیونگ ٹیسٹ میں ان کا نتیجہ مثبت آیا، جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں