روزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا مجوزہ نظام مسترد، آل پاکستان پٹرول پمپس ایسوسی ایشن کا ہنگامی اعلان
حکومت اور آل پاکستان پٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے مجوزہ روزانہ تعین (ڈیلی پرائس میکانزم) پر ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے، جس کے بعد ایسوسی ایشن نے آج رات سے ملک بھر میں پٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
آل پاکستان پٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نعمان علی بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے ساتھ ہونے والے مذاکرات ناکام رہے، کیونکہ حکومت نے روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے مجوزہ نظام پر نظرثانی سے انکار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن حکومت کے مجوزہ ڈیلی پرائس میکانزم کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور اس نظام کو پٹرول پمپ مالکان اور صارفین دونوں کے لیے نقصان دہ قرار دیتی ہے۔
نعمان علی بٹ کے مطابق مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہونے کے باعث آل پاکستان پٹرول پمپس ایسوسی ایشن نے فیصلہ کیا ہے کہ آج رات سے ملک بھر کے پٹرول پمپس بند کر دیے جائیں گے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نئے نظام پر نظرثانی کی جائے اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ایسا لائحہ عمل بنایا جائے جو قابلِ عمل اور تمام فریقین کے لیے قابل قبول ہو۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے اس اعلان پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ اگر پٹرول پمپس کی بندش کا اعلان عملی صورت اختیار کرتا ہے تو ملک کے مختلف شہروں میں ایندھن کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔




