اقتصادی رابطہ کمیٹی کا بڑا فیصلہ: پاسکو کی 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم فروخت کرنے کی منظوری

"Close-up of golden wheat grains in hands during harvest and storage process."

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گندم کے ذخائر اور ترقیاتی منصوبوں سمیت مختلف معاشی امور پر اہم فیصلے کیے گئے۔

وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی تجویز پر ای سی سی نے پاسکو کے پاس موجود 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم کو مسابقتی بولی کے ذریعے فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

گندم کو فرسٹ اِن، فرسٹ آؤٹ’ (FIFO) کی بنیاد پر فروخت کی جائے گی۔جبکہ مقامی گندم کی نئی قیمت 4,150 روپے فی 40 کلو۔درآمدی گندم: 3,800 روپے فی 40 کلو ہوگی.

کمیٹی کو بتایا گیا کہ سابقہ ریزرو قیمتوں پر کم بولیاں موصول ہونے کی وجہ سے فروخت کا عمل کامیاب نہیں ہو سکا تھا، جس کے بعد اب نئی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں تاکہ ذخیرہ اندوزی کے اخراجات کو کم کیا جا سکے۔

اجلاس میں سابقہ پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پاک پی ڈبلیو ڈی) کے تحت جاری منصوبوں کے لیے 53 کروڑ 60 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔ یہ رقم پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کو منتقل کی جائے گی تاکہ پی ایس ڈی پی (PSDP) کے تحت جاری منصوبوں کو مکمل کیا جا سکے۔

پیٹرولیم ڈویژن نے سی اینرجیکو پی کے لمیٹڈ’ کے ساتھ معاہدہ تصفیہ اور پیٹرولیم لیوی کی ادائیگی میں تاخیر پر حقائق جاننے کی رپورٹ پیش کی۔ کمیٹی نے اس رپورٹ کو مزید تفصیلات اور جامع پریزنٹیشن کے لیے اگلے اجلاس تک موخر کر دیا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں