اڈیالہ جیل میں بیرسٹر سلمان صفدر کی بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کرادی گئی، ملاقات کے دوران دونوں نے اپنی صحت اور جیل میں حالات سے متعلق آگاہ کیا جبکہ قانونی معاملات پر نئی ہدایات بھی دیں۔
راولپنڈی: بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا ہے کہ اڈیالہ جیل حکام نے آج سہ پہر ساڑھے 4 بجے عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ان کی ملاقات کرائی، جو تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔
بیرسٹر سلمان صفدر کے مطابق بار بار درخواستوں اور گزارشات کے بعد انہیں بشریٰ بی بی سے 11 ماہ جبکہ عمران خان سے 7 ماہ بعد ملاقات کی اجازت دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کا دورانیہ تمام مقدمات اور قانونی امور پر تفصیلی بات چیت کے لیے ناکافی تھا، تاہم اس دوران دونوں میاں بیوی نے اپنی صحت اور جیل میں گزرنے والے حالات سے آگاہ کیا۔
بیرسٹر سلمان صفدر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے بعض قانونی امور اور زیر سماعت مقدمات سے متعلق انہیں نئی ہدایات بھی دیں۔
انہوں نے ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ محدود وقت کے باعث تمام قانونی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ممکن نہیں ہوسکا۔




