سرحد پار سے دراندازی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ

سرحد پار سے دراندازی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ

ایبٹ آباد: کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سلامتی اور سرحدوں کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا کہ کیڈٹس کے کندھوں پر ملک کی سلامتی، وقار اور تحفظ کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، انہیں پیشہ ورانہ زندگی میں درپیش چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ دیانت داری، بہادری اور جرات قیادت کے بنیادی اصول ہیں۔

کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا کہنا تھا کہ خواتین کیڈٹس کی شرکت باعثِ فخر ہے، جبکہ پاک فوج نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ خطے میں حالیہ کشیدہ صورت حال کے دوران پاکستان نے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا، جبکہ کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو دنیا بھر میں دیکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے بہادر جوان ملکی دفاع اور تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
فلسطین کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ فلسطینی عوام کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ہونی چاہئیں، جبکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں