عمران خان سے ملاقات کے بغیر مذاکرات نہیں ہوسکتے: محمود خان اچکزئی

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بغیر مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

ژوب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگر حکومت مسئلے کا حل چاہتی ہے تو اسے بانی پی ٹی آئی سے ہماری ملاقات کرانا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے بغیر مذاکرات نہیں ہوسکتے، بانی پی ٹی آئی جو کہیں گے ہم وہی بات آگے پہنچائیں گے۔

محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ وہ ضمانت دیتے ہیں کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد تمام مسائل کے حل تک مذاکرات کا سلسلہ ختم نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو آئین کی بالادستی پر متفق ہونا چاہیے، سیاسی بحران کا حل مذاکرات اور آئین کی بالادستی میں ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ گورنر راج کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کیا گیا تو بھرپور مزاحمت کی جائے گی اور ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ گورنر راج نافذ ہوا تو ملک کا ہر چوراہا بند کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ شہباز حکومت کو تسلیم نہیں کرتے۔ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم یا اسپیکر کے دفتر میں ملاقات نہیں ہوگی۔

محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ اہم تقرری کے معاملے پر نواز شریف کے مری والے گھر میں بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہیں، تاہم چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری آئینی طریقہ کار کے مطابق ہونی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں