عمرہ کی آڑ میں بحرین اور جمہوریہ پلاؤ کے راستے آسٹریلیا جانے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرہ سفر کی آڑ میں مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے آسٹریلیا جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
حکام کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران سعودی عرب کے عمرہ ویزوں پر سفر کرنے والے 3 پاکستانی مسافروں کے مشکوک رویے پر انہیں روک کر مزید جانچ پڑتال کی گئی۔
مسافروں کی شناخت ندیم اقبال، شہزاد علی اور سمر شہزاد کے نام سے ہوئی، جو حافظ آباد اور سرگودھا کے رہائشی ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق تفصیلی جانچ کے دوران مسافروں کے سفری دستاویزات اور موبائل فونز کا جائزہ لیا گیا، جس میں بحرین کے وزٹ ویزے اور جمہوریہ پلاؤ (The Republic of Palau) کے ویزے بھی موجود پائے گئے۔
حکام کے مطابق مسافروں نے بتایا کہ ان کا منصوبہ سعودی عرب میں تقریباً 3 روز قیام کے بعد بحرین اور پھر جمہوریہ پلاؤ جانے کا تھا۔
مسافروں نے مبینہ طور پر بتایا کہ نعیم مرشد نامی ایجنٹ، جو ملتان کا رہائشی ہے، نے فی مسافر 25 لاکھ روپے کے عوض ویزوں اور سفری انتظامات کا بندوبست کیا تھا۔
ایف آئی اے نے مسافروں سے مزید تفتیش شروع کردی ہے جبکہ مبینہ ایجنٹ اور سفر کے دیگر پہلوؤں سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔




