لاہور ہائیکورٹ نے علیمہ خان کو جیل میں ملاقات اور میڈیکل سہولیات کی فراہمی سے متعلق درخواست پر ہوم سیکرٹری پنجاب کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل نے علیمہ خان کو جیل میں طبی سہولیات کی فراہمی اور ملاقات کی اجازت سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل فرخ خان لودھی نے ہوم سیکرٹری پنجاب کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ علیمہ خان کو جیل میں روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء فراہم کردی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق علیمہ خان کو بیڈ شیٹ، کمبل، جوتے، 6 سوٹ، کالے رنگ کا بیگ، تولیہ، فیس واش، برش اور شال بھی فراہم کی گئی ہے۔
عدالت نے وکلا سے ملاقات اور میڈیکل سہولیات کی فراہمی سے متعلق درخواست پر ہوم سیکرٹری پنجاب کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔




