محمد رضوان کا الزامات سے متعلق این سی سی آئی اے کو دوبارہ خط لکھنے کا فیصلہ

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اور سابق کپتان محمد رضوان نے اپنے خلاف الزامات کے حوالے سے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے دوبارہ رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محمد رضوان این سی سی آئی اے کو خط لکھ کر اپنے خلاف عائد الزامات سے متعلق مزید سوالات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رضوان خط میں اپنے حوالے سے عدم تعاون کی زیر گردش افواہوں پر بھی این سی سی آئی اے سے وضاحت طلب کریں گے۔

ذرائع کے مطابق محمد رضوان نے پہلی پیشی کے دوران این سی سی آئی اے کو اپنے موبائل فون تک رسائی دی تھی اور اپنے آئی فون کا پاس ورڈ بھی فراہم کیا تھا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پہلی پیشی کے بعد محمد رضوان کو تاحال این سی سی آئی اے کی جانب سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، جبکہ انہیں تحریری طور پر عدم تعاون سے متعلق بھی آگاہ نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق محمد رضوان تحقیقات میں تعاون کے لیے تیار ہیں، تاہم وہ این سی سی آئی اے سے اپنے خلاف الزامات کی تحریری تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ این سی سی آئی اے محمد رضوان اور امام الحق کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات میں دونوں کرکٹرز سے منسوب مبینہ مشتبہ مالی لین دین بھی زیرِ غور ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں